سانحہ ماڈل ٹاؤن‘ شہباز شریف کیخلاف توہین عدالت کی درخواست سماعت کے لیے منظور

147

لاہور (نمائندہ جسارت) سانحہ ماڈل ٹاؤن انکوائری رپورٹ فراہم نہ کرنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری اور ہوم سیکرٹری کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی گئی ۔ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی25 ستمبر کو کیس کی سماعت کریں گے۔ توہین عدالت کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالت عالیہ کے سنگل بنچ نے جسٹس علی باقر نجفی کی رپورٹ فوری طور پر شائع کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالتی حکم کے مطابق درخواست گزاروں نے رپورٹ کی وصولی کے لیے متعلقہ فورمز سے رجوع کیا مگر انہیں جسٹس علی باقر نجفی کی رپورٹ فراہم نہیں کی گئی جو کہ آئین کے آرٹیکل 204 کے تحت واضح طور پر توہین عدالت ہے۔درخواست میں کہا گیا کہ چیف سیکرٹری پنجاب اور ہوم سیکرٹری پنجاب وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے ماتحت ہیں‘ وزیراعلیٰ کے دباؤ پر رپورٹ فراہم نہیں کی جا رہی۔ پاکستان عوامی تحریک کی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت وزیر اعلیٰ پنجاب ، چیف سیکرٹری اور ہوم سیکرٹری کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائے۔ علاوہ ازیں لاہور ہائی کورٹ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق انکوائری رپورٹ منظر عام پر لانے کے سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف پنجاب حکومت کی اپیل سماعت کے لیے منظور کرلی ‘ لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس عبدالسمیع خان اور جسٹس شہباز رضوی پر مشتمل ڈویژن بینچ 25 ستمبر کو حکومتی اپیل کی سماعت کرے گا۔ اپیل میں کہا گیا ہے کہ سنگل بنچ نے حکومتی موقف پوری طرح نہیں سنا اور یکطرفہ فیصلہ دیا‘ انکوائری رپورٹ کے متعلق درخواستیں فل بنچ میں زیر التوا ہیں‘ سنگل بنچ فیصلہ نہیں کر سکتا‘ سنگل بنچ نے جلدبازی میں قانونی تقاضوں کے برعکس فیصلہ دیا۔ اپیل میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت انٹرا کورٹ اپیل منظور کرتے ہوئے سنگل بنچ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے۔