نااہل شخص پارٹی سربراہ نہیں بن سکتا، فاروق ستار کا یوٹرن

145

کراچی (اسٹاف رپورٹر/ مانیٹرنگ ڈیسک) سینیٹ میں ن لیگ کی حمایت کیوں کی؟ ایم کیو ایم پاکستان نے انتخابی اصلاحات کے لیے حکومتی بل کو ووٹ دینے والے سینیٹر میاں عتیق سے وضاحت مانگ لی۔ متحدہ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ اگر کسی رکن نے ن لیگ
کی حمایت کی ہے تو اس کے خلاف کارروائی ہوگی، کوئی نمائندہ نااہل ہو جائے تو وہ عملی سیاست میں ہی حصہ نہیں لے سکتا تو پھر پارٹی سربراہ کیسے رہ سکتا ہے؟ جبکہ متحدہ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ سینیٹر میاں عتیق نے غلط فہمی میں حکومت کے حق میں ووٹ دیا، جو کہ متحدہ کی پالیسی نہیں تھی۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) نے سینیٹ میں انتخابی اصلاحات کاجو بل پیش کیا وہ غیر قانونی تھا۔ بل اعتزاز احسن کی ترمیم کے بعد پیش ہونا چاہیے تھا۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ انتخابی اصلاحات پر پیپلزپارٹی کی ترمیم کی ایم کیوایم اور پی ٹی آئی نے حمایت کی اور ایم کیو ایم کے رکن کی جانب سے ن لیگ کی حمایت پر اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ نے بتایا کہ کراچی پیکیج ایم کیو ایم کے لیے نہیں بلکہ کراچی والوں کے لیے ہے۔