نارووال / سیالکوٹ (اے پی پی +صباح نیوز) وفاقی وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ کنٹینر کی سیاست کرنے والے اناڑی ہیں، حکومتی نظام نہیں چلا سکتے، عمران خان ستیاناس اور بیڑا غرق بریگیڈ کے کمانڈر ہیں، پاکستان کی ترقی کوئی بہروپیااور مداری نہیں کرسکتا، بھارت مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے سرحد پر کارروائیاں کر رہا ہے، ہم دشمن کو اس کی زبان میں جواب دینا جانتے ہیں، حکومت بھارتی جارحیت کا نشانہ بننے والوں کے نقصانات کا
ازالہ کرنے کی کوشش کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن یوتھ کے کنونشن سے خطاب اور ایل او سی پر بھارتی جارحیت کا نشانہ بننے والے متاثرین سے عیادت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر قانون زاہد حامد ود دیگر اراکین اسمبلی بھی موجود تھے۔ وزیر داخلہ نے سی ایم ایچ سیالکوٹ کا دورہ بھی کیا اور زخمیوں میں مالی امداد کے چیک تقسیم کیے۔ احسن اقبال نے کہا ہے کہ جلنے والے جلتے رہیں گے اور ہم ترقی کرتے رہیں گے ،
عمران خان کا ملک میں کردار ترقی کے بجائے سازشیں کرنے کا ہے۔دوسروں کی ٹانگیں کھینچنے اور چندہ جمع کرنے کا فن خوب جانتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی تقدیر کی چابی کسی اناڑی کو نہیں دے سکتے۔ عوام سمجھدار ہیں کسی بہروپیے کی باتوں میں نہیں آئیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان اور شیخ رشید کو دنیا کے کسی اور ملک میں بھیج دیا جائے تو ان دونوں کی منفی سیاست سے اس ملک کی ترقی کا پہیہ بھی رک جائے گا۔ ملک حوصلوں ، کامیابیوں اور امید سے ترقی کرتے ہیں ۔یہ جہاں بھی جائیں گے جلتے چراغوں کو گل کردیں گے۔ نوجوان مایوسیوں سے نکلیں، ترقی کی راہیں ہموار ہورہی ہیں۔ تعلیم اور مثبت سرگرمیوں میں حصہ لیں۔ بھارتی جارحیت کا نشانہ بننے والے متاثرین سے عیادت کے دوران وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بھارت کی بزدلانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ سرحدی علاقوں میں بسنے والے محب وطن ہیں اور سرحدی عوام دشمن سے خوفزدہ نہیں ہیں ، پاکستان مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر اٹھائے گا، پاکستان پر امن ملک ہے اورپاکستانی پر امن قوم ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ بھارت کی بھول ہے کہ وہ پاکستان کے نہتے شہریوں پر گولہ باری کے ذریعے کسی طرح کا دباؤقائم کر سکے گا۔ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ، ان کے خون کا ایک ایک قطرہ پاکستان کے تحفظ کی علامت ہے اور ہم ان سرحدی علاقوں کے مکینوں کو بھارتی جارحیت سے محفوظ رکھنے کے لیے مستقل بنیادوں پر بینکرز تعمیر کر رہے ہیں اور ۔