موٹرسائیکل مالکان کو سرکاری مونوگرام والی نمبر پلیٹ لگانے کا حکم

225

کراچی (رپورٹ خالد مخدومی )ٹریفک پولیس نے ہیلمٹ مہم کے بعد نمبر پلیٹ مہم چلانے کی تیاری کرلی موٹرسائیکل مالکان کو6سے اکتوبر قبل ایکسائز سے منظور شدہ نمبر پلیٹیں لگانے کی ہدایات جاری کی جائیں گی ،شہریوں نے ا س معاملے پر ملے جلے رد عمل کااظہارکرتے ہوئے محکمہ ایکسائز میں فوری نمبرپلیٹ دو مہم چلانے کی ضرورت پر زور دیا ،اطلاعات کے مطابق کراچی میں جمعرات کواختتام کوپہنچنے والی ہیلمٹ مہم کے بعد ٹریفک پولیس نے نمبر پلیٹ لگاؤ مہم کاآغازکردیا،ٹریفک پولیس کی جانب سے موٹرسائیکل مالکا ن کوہدایت دی گئی ہے کہ وہ 6اکتوبر سے قبل محکمہ ایکسائز سے منظور شدہ نمبر پلٹیں اپنی موٹرسائیکل کے دونوں طرف لگائیں ،بصورت دیگر دی گئی مہلت ختم ہونے کے بعد قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ، واضح رہے کہ ٹریفک پولیس شہریوں سے ٹریفک قوانین پر عمل کروانے کی مختلف مہمات چلاتی رہتی ہے ، گزشتہ 2سالوں کے دوران ٹریفک پولیس کی جانب سے ایسی مہمات بھی چلائی گئیں جو نہ صرف بری طرح ناکام ہوئیں بلکہ ان کومذاق کا نشانہ بھی بنایا گیا، جن میں ٹریفک پولیس کی جانب سے خواتین کو ہیلمٹ پہنے کی ہدایت بھی شامل تھی ،



ٹریفک پولیس کی جانب موٹر سائیکل چلانے والے ساتھ ساتھ پیچھے بیٹھنے والے افراد کو بھی ہیلمٹ پہننے کی بھی مہم چلائی گئی جو بری طرح ناکام ہو ئی ،اس طرح ٹریفک پولیس کی جانب سے لائسنس مہم بھی چلائی گئی ،اس کے دوران ا س بات کابھی اعلان کیا گیا کہ بغیر لائسنس ٖ گاڑیاں چلانے والے افراد کوجیل بھیج دیا جائے گا،یہ مہم بھی محض اعلان اور نمائشی اقدامات تک محدود رہی ،اب 2013ء کے بعد دوبارہ نمبر پلیٹ مہم شروع کی گئی ہے جس کے بارے میں شہریوں نے ملے جلے ردعمل کااظہار کیاہے ۔شہریوں کے مطابق کسی بھی کام کے آغاز سے قبل شہریوں کی سہولت کا خیال رکھاجانا چاہیے اس مہم کے آغاز سے قبل ایکسائز ڈپارٹمنٹ کو ا س بات کاپابند کیاجائے کہ وہ موٹرسائیکل مالکان کوقانون کے مطابق مقررہ 15دنوں کے اندر اندر نمبر پلیٹ فراہم کردے ، شہریوں کو ایکسائز ڈپارٹمنٹ سے نمبر پلیٹ کے حصول میں مہینوں چکرلگوائے جاتے ہیں اور بغیر رشوت دیے ایکسائز کے اہلکاروں سے نمبر پلیٹ ملنے کاتو کوئی سوال ہی پید ا نہیں ہو تا،جس پر شہری سادہ نمبر پلیٹ لگانے پر مجبور ہو جاتے ہیں ، شہریوں کی جانب سے مطالبہ کیاگیا ہے کہ ا س مہم سے قبل ایکسائز ڈپارٹمنٹ میں فوری نمبر پلیٹ دو مہم چلائی جائے بصورت دیگر اس مہم کو نمائشی اور رشوت وصولی کی مہم سمجھنے پر مجبورہو ں گے ۔