سیدناعلیؓ عمرفاروقؓ سے والہانہ محبت کرتے تھے،الیاس قادری

134

کراچی(پ ر)بانی دعوت اسلامی محمد الیاس عطار قادری نے کہا ہے کہ حضرت علیؓ فاروق اعظمؓ سے والہانہ محبت کرتے تھے،آپؓنے اپنے صاحبزادوں کے نام خلفائے ثلاثہ کے مبارک ناموں کی نسبت سے رکھے تھے ،آپ کے ایک صاحبزادے کانام عمر تھا ۔حضرت عمر فاروق اعظمؓ اپنے نفس کا محاسبہ کرتے تھے، قطعی جنتی ہونے کے باوجود اللہ عزوجل کی ناراضی سے ڈرتے تھے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دعوت اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ باب المدینہ کراچی میں ملک کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے تنظیمی ذمہ داران کے تربیتی اجتماع سے مدنی مذاکرے کے دوران مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کیا ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مسجد انتظامیہ امام ومؤذن کو رکھنے سے قبل اچھی طرح جانچ لے ،امام وموذن کا شریعت کے مطابق ہونا بہت ضروری ہے ،



موذن وامام کے عقائد کا درست ہونا بہت ضروری ہے نیز ان کا نماز ،غسل ،وضواور قرات کے مسائل سے آگاہ ہونا ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ امام ومؤذن کواچھی تنخواہ اورمراعات دی جائیں،انہیں تنقید کا نشانہ نہ بنائیں، چھوٹی چھوٹی باتوں کو نظر انداز کردیا کریں، کیونکہ یہ لوگ بھی انسان ہیں ان کے ساتھ بھی مسائل ہوتے ہیں ان کے ساتھ نرمی سے پیش آئیں۔ آئمہ کرام بھی احتیاط کریں اور ایسی باتوں سے گریز کریں جو عوام کی تنقید کا سبب بنے۔