رینجرز و پولیس کی کارروائیاں‘ متحدہ کے دہشت گرد سمیت 27گرفتار

206

کراچی (اسٹاف رپورٹر) رینجرز اورپولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن او ر دوسری کارروائیوں کے بعد 9ملزمان کو گرفتار کرلیا ، گرفتار شدگان میں متحدہ سے تعلق رکھنے والادہشت گرد بھی شامل ہے ،ایک ملزم گرفتاری کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں زخمی بھی ہوا۔ فیریئر پولیس نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت جمہوریہ کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے 11 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈیفنس کے علاقے میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم محمد عاطف عرف پپیتا کو گرفتار کیا ، جس کی سیاسی وابستگی ایم کیو ایم لندن سے ہے ۔ ملزم فطرے کے نام پر بھتا وصول کرنے ، کھالیں چھیننے اور فائرنگ سمیت جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے ۔ ماڈل کالونی کے علاقے میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان سجاد عرف بابری ، لقمان اور فہد کو گرفتار کیا۔ ملزمان علاقے میں منشیات فروشی کے کاروبار میں ملوث ہیں ۔ ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ ، گولہ بارود اور منشیات بھی برآمد کر لی گئیں ۔کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کے بعدمنشیات فروشی سمیت دیگر جرائم میں ملوث ملزم ہارون بنگالی کو گرفتار کرلیا جس کے قبضے سے سوا کلو چرس برآمدہو ئی ۔شریف آباد پولیس نے خفیہ اطلاع پر شریف آباد میں ایک ہوٹل پر چھاپہ مار کارروائی کے بعد ڈکیتی اور رہزنی کی متعددوارادتوں میں ملوث 2ملزمان خلیل الرحمان اور اسد کو گرفتار کرلیا ،گرفتار ملزمان کے قبضے سے 2ٹی ٹی پستول برآمد ہو ئے ،ملزمان نے اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔



ناظم آباد پولیس نے ناظم آباد نمبر 4میں ہیپی ڈیل اسکول کے قریب شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے 2موٹرسائیکل سوار رہزنوں سمیر او ر عامر کوگرفتار کرلیا، پولیس کے مطابق ملزمان نے گرفتاری سے بچنے کے لیے فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم سمیر ولد عبدالقدیر زخمی بھی ہوا جس کو گرفتاری کے بعد علاج کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ادھر فیریئر پولیس نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت جمہوریہ کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے 11 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ ایس ایچ او تھانہ فریئر انسپکٹر رانا لطیف نے بتایا کہ تھانہ فریئر پولیس نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت جمہوریہ کالونی میں ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی رہائش پذیر غیر ملکیوں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کے خلاف کرائے داری ایکٹ اور فارن ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ گارڈن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گاڑیوں کے سائیڈ گلاس چوری کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ اورنگی ٹاؤ ن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم کی متعدد وار داتوں میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں متعدد اسٹریٹ کرائم کی وار داتیں کرنے کا انکشاف کیا ہے۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 2 ٹی ٹی پستول مع لوڈمیگزین ، مسروقہ موبائل فون اور موٹر سائیکل KHR۔0162 برآمد کر لی گئی۔ ملزمان کے قبضے سے برآمد کی جانے والی موٹر سائیکل تھانہ اورنگی ٹاؤ ن کی حدود سے چھینی گئی تھی جس کا مقدمہ درج ہے۔ کلفٹن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔