گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کا سندھ حکومت کیخلاف تحریک شروع کرنے کا اعلان

167

کراچی(اسٹاف ر پورٹر)مختلف سیاسی و قوم پرست جماعتوں پر مشتمل ’’ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس ‘‘ نے پیپلز پارٹی کے خلاف سندھ میں بھر احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔احتجاجی تحریک کا آغاز نومبر سے کیا جائے گا۔جی ڈی اے کے تحت صوبے بھر میں مرحلہ وار جلسے ،ریلیاں اور دھرنے دیے جائیں گے ۔اس بات کا فیصلہ کراچی میں ہفتے کو گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس نیشنل پیپلز پارٹی کے صدر و وفاقی وزیر مرتضیٰ جتوئی کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا ۔اجلاس میں مرتضیٰ جتوئی،مسلم
لیگ فنکشنل کے رہنما و وفاقی وزیر پیرصدر الدین شاہ راشدی ،قومی عوامی تحریک کے صدر ایاز لطیف پلیجو،سابق وزیراعلیٰ سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم ،سابق وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا،ایاز شاہ شیرازی و دیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں سیاسی صورتحال،پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کے خلاف صوبے میں احتجاجی تحریک اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے تحت پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی صوبے میں ناقص کارکردگی اور کرپشن کیخلاف ماہ نومبر سے احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔ اس احتجاجی تحریک کے تحت 17،18اور19نومبر کو صوبے بھر میں عوام کو بیدار کرنے کے لیے ’’عوام جگاؤ ریلیاں ‘‘نکالی جائیں گی۔گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے تحت 26 نومبر کو سکھر میں عوامی جلسہ کیا جائے گا۔جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ سندھ میں کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے۔