صوبائی حکومت اور بدلیہ کراچی کی نااہلی نے شہر کو تباہ کردیا،حافظ نعیم

216

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اور بلدیہ کراچی کی نا اہلی اور ناقص کارکردگی نے شہر کو تباہ و برباد کردیا ہے ، واٹر بورڈ کا عملہ اور حکام ماہانہ کروڑوں روپے کے اخراجات اور تنخواہیں لینے کے باوجود عوام کو کوئی ریلیف نہیں دے رہے ، شہر بھر میں سڑکوں کی خستہ حالی اور جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیروں ، گندے پانی اور بدبو و تعفن نے کراچی کے شہریوں کی زندگی اجیرن بنادی ہے، بالخصوص ضلع جنوبی جو اس لحاظ
سے سب سے اہم ضلع ہے کہ یہاں تمام سرکاری عمارتیں و دفاتر ،اہم اور بڑے تجارتی و کاروباری مراکز اور شاپنگ سینٹر زہیں ،غیر ملکی سفارتخانے اور سرکاری و نجی اسپتال موجود ہیں اور روزانہ لاکھوں افراد اپنے روزگار و کاروباری معاملات اور ضروریات کے لیے آتے جاتے ہیں لیکن بلدیاتی نمائندوں اور متعلقہ اداروں کے افسران اور عملے کی عدم دلچسپی کی وجہ سے کئی علاقے کھنڈرات کا منظر پیش کررہے ہیں ،

اولڈ ایریا سٹی مسائل کی آماجگاہ بن گیا ہے۔ ٹوٹی اور خستہ حال سڑکیں اور گندگی کے ڈھیر و گندے پانی نے عوام کے لیے زندگی کو مشکل بنادیا ہے لیکن صوبائی حکومت ، بلدیہ کراچی اور واٹر بورڈ کے کرتا دھرتا بے حسی کی بد ترین مثال قائم کررہے ہیں اور ان کو کروڑوں شہریوں کی مشکلات و پریشانیوں کو دور کرنے اور اپنی نااہلی و ناقص کارکردگی کو بہتر کرنے کی کوئی فکر نہیں ہے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ پرنٹ و الیکٹرونک میڈیا پر روزانہ کراچی کی یہ حالت زار اور حکومت و متعلقہ اداروں کی مجرمانہ غفلت و لاپرواہی کی رپورٹس پیش کی جاتی ہیں اور عوامی حلقوں کی جانب سے بار بار توجہ بھی مبذول کرائی جاتی ہے لیکن اس کا کوئی اثر نہیں ہوتا ۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں بدبو اور گندگی سے بیماریاں بھی پھیل رہی ہیں لیکن کوئی اقدامات نہیں کیے جارہے ہیں ۔ شہر میں بارش کے بعد مختلف علاقوں میں ابلنے والے گٹر اور نکاسی آب کے مسائل پر قابو نہ پانا بھی ایک بہت بڑا مسئلہ بن چکا ہے ، واٹر بورڈ کے حکام کا رویہ انتہائی غیر سنجیدہ اور نامناسب ہے ۔روزانہ مختلف علاقوں کے دورے اور میٹنگز کی خبریں جاری کر کے شہریوں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ صوبائی حکومت اور بلدیہ کراچی کے ذمے داران اپنی ذمے داری پوری کریں اور عوام کو مسائل کی دلدل سے نکالیں۔