سرکلر ریلوے کی منظوری حکومت کی مخلصانہ کوششوں کا نتیجہ ہے‘ مراد علی شاہ

192

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سی پیک کے جوائنٹ ورکنگ گروپ کی جانب سے کراچی سرکلر ریلوے کی منظوری کراچی شہر کے لوگوں کی ایک بہت بڑی کامیابی ہے اور یہ صوبائی حکومت کی مسلسل اور مخلصانہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے یہ بات ہفتے کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں سی پیک کے جوائنٹ ورکنگ گروپ (جے ڈبلیو جی) کے اعزار میں دی گئی تقریب سے خطاب کرتے کہی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے جے ڈبلیو جی ٹرانسپورٹ انفرااسٹرکچر کا ایک اہم اجلاس یہاں منعقد
ہوا، جس میں کے سی آر، کیٹی بندر اور اسپیشل اکنامک زون دھابیجی کے منصوبوں پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں صوبے کے ان 3 اہم منصوبوں میں سے کراچی سرکلر ریلوے کی منظوری دی گئی ہے ۔باقی 2 منصوبے کیٹی بندر اور دھابیجی اسپیشل اکنامک زون کی فزیبلٹی اسٹڈی کے بعد انہیں سی پیک فریم ورک کے تحت ان پر عملدرآمد کے لیے سی پیک کی جوانٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کو بھیجا جائے گا۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ چین پاکستان اکنامک کوریڈور سے سندھ کی معیشت کو استحکام حاصل ہوگااور اس کی بدولت صوبے میں سڑکوں کو باہم منسلک کرنے اور انہیں توسیع دینے میں بھی مدد ملے گی اور اس سے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بہتریں سہولیات کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقعے بھی پیدا ہوں گے اور ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور کا اضافہ ہوگا۔