ریلوے پولیس ، خواتین انسپکٹر کی بھرتی کیلیے76میں 63فزیکل ٹیسٹ میں ناکام

182

لاہور (نیوزرپورٹر) ریلوے پولیس میں خواتین کوٹہ کی سیٹ پر انسپکٹرکی بھرتی کے لیے 76میں سے 63خواتین فزیکل ٹیسٹ میں ناکام ہوگئیں۔ ریلوے پولیس کی تاریخ میں پہلی مرتبہ انسپکٹر کے عہدے پر بھرتی کی جارہی ہے اور اس سیٹ کے لیے فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی طرف سے 108 خاتون امیدواروں نے تحریری امتحان پاس کیاتھا البتہ فزیکل ٹیسٹ کے لیے صرف 76 حاضر تھیں۔ اس ٹیسٹ میں ایک میل دوڑ اور قدمانپنے کے امتحان میں 13 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی اور اب حتمی چناؤ فیڈرل پبلک سروس کمیشن انٹرویو کے بعد کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق تین سال قبل ریلوے پولیس میں انسپکٹر کی کوئی سیٹ موجود نہیں تھی اور اب اس انتظامی خلا کو دور کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے مجموعی طور پر 20 انسپکٹروں کی اسامیوں کی منظوری دی تھی اور اس بھرتی میں شفافیت اور میرٹ کو ملحوظِ خاطررکھتے ہوئے بھرتی کا اختیار فیڈرل پبلک سروس کمیشن کو دے دیاگیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز شارق جمال نے کہا کہ فزیکل ٹیسٹ کو شفاف بنانے کے لیے سرویلنس کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں ریلوے کے دوسرے شعبوں کے حکام کو بھی شامل کیاگیا تاکہ میرٹ پر فیصلے کیے جاسکیں ۔میڈیکل آفیسر،ڈائریکٹرپبلک ر یلیشنز، ا ے آئی جی ا یڈمن ،ڈپٹی ڈی ایس لاہوراورایس پی ریلوے پولیس لاہور کمیٹی کے رکن تھے ۔ ارکان نے شفا فیت سے فزیکل ٹیسٹ کے ایک ایک عمل کو نوٹ کیا اور 3 سے4کیمروں کے ذریعے دوڑ اور قد مانپنے کے عمل کی ریکارڈنگ کی گئی تاکہ کسی بھی قسم کے اعتراض کی صورت میں امیدوار کا اعتراض دور کیاجاسکے۔اس موقع پرریلوے پولیس لائنز میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔