بھارت امریکا کوپاکستان کیخلاف استعمال کرنا چاہتا ہے ، عبدالباسط

174

کراچی(اسٹاف ر پورٹر)بھارت میں پاکستان کے سابق ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ بھارت کے ساتھ بہتر تعلقات کی سنجیدہ کوششیں کی ہیں لیکن بھارت نے کبھی بھی پاکستان کی ان مخلصانہ کوششوں کا مثبت جواب نہیں دیا،بھارت پاکستان کے خلاف امریکا کو استعمال کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔انہوں نے یہ بات ہفتے کومقامی ہوٹل میں پاک بھارت تعلقات کے موضوع پر منعقدہ مکالماتی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس مکالماتی سیشن میں پاکستان کے سینئر سفارت کار
شاہد امین، وائس ایڈمرل خالد میر، جرمن قونصل جنرل اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی ۔عبدالباسط نے کہا کہ بھارت ہمیشہ سے اپنے پڑوسی ممالک کے لیے ایک مشکل ہمسایہ ثابت ہوا ہے، اس صورتحال کا سامنا صرف پاکستان کو نہیں بنگلا دیش، نیپال اور مالدیپ کو بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری حریت رہنماؤں سے ملاقات سے قبل بھارت نے نئی شرط عائد کردی،بھارتی وزیر خارجہ نے مذاکرات کو کشمیری رہنماؤں سے ملاقات منسوخ کرنے سے مشروط کردیاہے۔سابق ہائی کمشنر نے کہا کہ بھارت پاکستان سے تعلقات بہتر کرنے کی ہر کوشش سے پیچھے ہٹتا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں 14 فیصد آبادی مسلمانوں کی ہے مگر سرکاری اداروں میں ان کی نمائندگی 2 فیصد سے زیادہ نہیں ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیریوں کی تیسری اور چوتھی نسل جدوجہد آزادی میں مصروف ہے عالمی برادری کو کشمیر کے معاملے پر اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔