ن لیگ اور پی ٹی آئی کے درمیان مک مکا بے نقاب ہوگیا،عاجزدھامرہ

108

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹرعاجز دھامرہ نے کہا ہے کہ حکمران جماعت مسلم لیگ(ن) اور پی ٹی آئی کے درمیان مک مکا بے نقاب ہو چکا ہے۔ اگر پی ٹی آئی کے اراکین سینیٹ کے اجلاس سے نہ بھاگتے تو سینیٹ میں مسلم لیگ(ن) کو شکست مل چکی ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ حکمران جماعت کی طرف سے انتخابی اصلاحات کا بل حکومت سے پی ٹی آئی کی ملی بھگت اور گٹھ جوڑ کی وجہ سے پاس ہوگیا۔ سینیٹر عاجز دھامراہ نے کہا کہ کیونکہ نواز شریف کے بعد عمران خان کی نااہلی کی باری ہے اس لیے پی ٹی آئی نے حکومت سے خاموش معاہدہ کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے جاری اجلاس سے پی ٹی آئی کے اراکین کا اس انداز سے غائب ہو جانا کئی سوالات کو جنم دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ مسلم لیگ(ن) اور پی ٹی آئی کا گارڈ فادر گرو اور سوچ ایک ہی ہے اس لیے یہ لوگ مشکل حالات میں غیراعلانیہ طور پر ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں۔