ڈی آئی جی ایسٹ کا اہم امام بارگاہوں کا دورہ، سیکورٹی امور کا جائزہ لیا

198

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ڈی آئی جی ایسٹ سلطان علی خواجہ نے محرم الحرام کے سیکورٹی امور کا جائزہ لیا اور ایسٹ زون کی اہم امام بارگاہوں اور جلوس کی گزرگاہوں ، اہل تشیع کی آبادیوں کا دورہ کیا اور منتظمین و ذمے داروں سے سیکورٹی انتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ایسٹ سلطان علی خواجہ نے ایسٹ زون میں اہم امام بارگاہوں، جلوس کی گزرگاہوں اور اہل تشیع کی آبادیوں کا منتظمین و ذمے داروں کے ہمراہ محرم الحرام کی سیکورٹی کا جائزہ لیا۔ اس دوران سیکورٹی کے حوالے سے پائی جانے والی خامیوں کو فوری درست کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔ پولیس افسران، اسکاؤٹس اور منتظمین کو بھی اس سلسلے میں ہدایات دیں۔ جہاں جہاں سیکورٹی انتظامات میں کمی پائی گئی وہاں اضافی نفری، پولیس کمانڈو، آر آر ایف اور موبائلیں دینے کا حکم دیا۔



ڈی آئی جی ایسٹ سلطان علی خواجہ نے نشتر پارک، گلستان جوہر ، نیو رضویہ سوسائٹی، امروہہ سوسائٹی سعدی ٹاؤن، ملیر 15 محمدی ڈیرہ ، جعفر طیار سوسائٹی، حسینی مشن امام بارگاہ شاہ فیصل کالونی اور عباس ٹاؤن کا دورہ کیا۔ ڈی آئی جی ایسٹ سلطان علی خواجہ نے گرومندر پر واقع جامعہ بنوری ٹاؤن مسجد و مدرسے کا دورہ کیا اور اس دوران انتظامیہ سے ملاقات کی اور محرم الحرام کے حوالے سے سیکورٹی کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور سیکورٹی کو مزید بہتر بنانے کا بھی عزم کیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی ایسٹ نے باہمی رابطہ برقرار رکھنے پر بھی زور دیا۔دورے کے موقع پر ڈی آئی جی ایسٹ کے ہمراہ ایس ایس پی ایسٹ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔