کابل(آئی این پی‘آن لائن) افغانستان کے مغربی صوبے غزنی میں سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر طالبان کے حملے میں5پولیس اہلکار ہلاک اور 8زخمی ہو گئے۔افغان میڈیا کے مطابق مغربی صوبہ غزنی کے پولیس چیف جنرل محمد زمان نے بتایا کہ 100سے زائد طالبان جنگجوؤں نے بیک وقت دشت قرہ باغ میں پولیس کی 3چوکیوں پر حملہ کیا۔ سیکورٹی اہلکاروں نے حملہ آوروں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور فائرنگ کا تبادلہ کافی دیر تک جاری رہا۔ پولیس چیف نے بتایا کہ حملے میں ایک پولیس چیک پوسٹ مکمل طور پر تباہ جبکہ متعدد طالبان جنگجو بھی ہلاک ہوئے۔خیال رہے کہ یہ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب افغان حکومت نے طالبان سے لڑائی کے لیے 20 ہزار عام شہریوں کو اسلحہ چلانے کی تربیت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔2014 ء میں ناٹو افواج کے انخلا کے بعد سے افغانستان کے مختلف علاقوں میں طالبان کا قبضہ دوبارہ مستحکم ہو گیا ہے اور حکومتی فورسز کو سخت مزاحمت کا سامنا ہے۔ صوبہ لغمان میں جاری جھڑپوں کے باعث ایک پولیس اہلکار سمیت 9طالبان جنگجو ہلاک جبکہ8 زخمی ہوگئے، صوبائی حکام کے مطابق جھڑپ کا واقعہ صوبہ لغمان کے شہر مھترلام میں پولیس اور طالبان جنگجوؤں کے مابین پیش آیا جبکہ جوابی کارروائی کے دوران 3پولیس اہلکار اور 5طالبان زخمی بھی ہوئے ہیں ۔زخمی ہونے و الوں میں طالبان جنگجوؤں کا مقامی کمانڈر بھی شامل ہے۔دوسری جانب افغان وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سیکورٹی فورسز کے آپریشن کے نتیجے میں 3طالبان ہلاک جبکہ 7زخمی ہوگئے۔ صوبہ فاراح کے ضلح بالابلخ میں سیکورٹی فورسز نے فضائی اور زمینی حملے میں طالبان کے متعدد بنکر تباہ اور بھاری مقدار میں بارودی مواد کو ناکارہ بنادیا حملوں میں 3طالبان ہلاک جبکہ 7زخمی ہوگئے۔