فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 67 کے امیر یوسف گل پراچہ نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی انکوائری رپورٹ منظر عام پر آنے سے چودہ معصوم انسانوں کے قاتل بے نقاب ہوں گے، جس سے مقتولین کے خاندانوں کو انصاف ملنے کی امید پیدا ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم بے گناہوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والوں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں دیکھنا چاہتی ہے۔ ظلم و جبر کا نظام جلد ختم اور عدل و انصاف کا سورج طلوع ہونے والا ہے۔ اللہ کے ہاں دیر ہے، اندھیر نہیں۔ ظالموں کا ٹولہ اللہ کی پکڑ میں آگیا ہے۔ قتل و غارت کا بازار گرم کرنے والوں کو ان کے کیے کی سزا مل کر رہے گی۔ ملک میں عدلیہ کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے لیے ضروری ہے، چھوٹے بڑے اور امیر غریب سب کے لیے یکساں قانون ہو اور کسی صاحب اختیار یا حکومتی عہدیدار کے منصب کا لحاظ کیے بغیر اسے اس کے جرم کی سزا ملے۔ انہوں نے کہاکہ اب یہ ظلم کا نظام مزید نہیں چل سکتا۔