لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب کی جیلوں میں بنائے جانے والے فیملی رومز حکومت کی عدم توجہ کا شکار ہو گئے۔ 3جیلوں کے فیملی رومز تیار ہیں جبکہ اڈیالہ جیل میں بننے والے فیملی رومز فنڈز نہ ملنے کی وجہ سے اس سال کے آخر تک مکمل ہو ں گے۔ پنجاب کی جیلوں میں بند قیدیوں کے ازدواجی تعلقات قائم رکھنے کے لیے فیملیز رومز بنائے گئے تھے۔ پنجاب کی 4بڑی جیلوں میں یہ فیملی رومز بنائے جا رہے تھے جن میں سے 3 بڑی جیلیں جن میں فیصل آباد سینٹرل جیل ، کوٹ لکھپت جیل ، سینٹرل جیل ملتان کے فیملی رومز تیار ہو چکے ہیں اور ان فیملی رومز میں جیل کا عملہ اور فرنیچر بھی لگا دیا گیا ہے لیکن اڈیالہ جیل میں پنجاب حکومت کی طر ف سے فنڈز جاری نہ ہونے کی وجہ سے فیملی رومز کی تیاری تاخیر کا شکار ہو گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق عدالت کی طرف سے اڈیالہ جیل میں فیملی رومز مکمل کرنے کے لیے 30دسمبر کا وقت دیا ہے جسکے بعد پنجاب کی جیلوں میں بنائے گئے چاروں فیملی رومز کا افتتاح کیا جائے گا۔ آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر کا کہنا ہے کہ پہلی مرتبہ قیدیوں کی ان کی بیویوں سے ملاقات کرانے کے لیے فیملی رومز بنائے جارہے ہیں ،ہم نے اس سلسلے میں نادرا سے بھی رابطہ کیا ہے تاکہ سسٹم کو شفاف بنایا جا سکے۔