لا ہور (ہیلتھ رپورٹر)ایم ایس ڈاکٹر شاہد فاروق کیخلاف تحقیقات پر شاہدرہ ٹیچنگ اسپتال کا عملہ دو دھڑوں میں بٹ گیا۔ایک طرف ہراساں کیے جانے پر نرسزسراپا احتجاج ہیں تو دوسری جانب باقی عملہ ایم ایس کے حق میں باہر نکل آیا۔ شاہدرہ ٹیچنگ اسپتال میں احتجاجی سیاست جاری ہے۔ اسپتال کی نرسز کی جانب سے ہراساں کیے جانے کے مبینہ الزامات کے بعد ڈاکٹر شاہد فاروق کے خلاف تحقیقاتی کمیٹی بنا دی گئی اور تحقیقات مکمل ہونے تک ڈاکٹر شوکت کو ایم ایس کا اضافی چارج دے دیا گیا۔ ابھی کمیٹی کا فیصلہ نہیں آ یا کہ اسپتال کا باقی عملہ ڈاکٹر شاہد فاروق کی بحالی کیلیے باہر نکل آیا۔مظاہرین نے ہاتھوں میں ڈاکٹر فاروق کے حق میں بینرز اٹھارکھے تھے ، نرسز کے بعد اسپتال کا عملہ بھی احتجاج میں مصروف ہو گیا ہے جبکہ مریض بے چارے دھکے کھانے پر مجبور ہیں۔