اسلام آباد (صباح نیوز) قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سے شدت پسند گروپ داعش کے جھنڈے قبضہ میں لے لیے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شام اور عراق میں سرگرم اس گروپ کے جھنڈے وفاقی دارالحکومت کی مصروف ترین شاہراہ
ایکسپریس ہائی وے پر اقبال ٹاؤن کے مقام پر ایک پل پر لگائے گئے تھے۔کالعدم تنظیم کے جھنڈے نامعلوم افراد کی جانب سے لگائے گئے جن پر داعش کا لوگو بھی بنا تھا‘ جھنڈوں پرخلافت آ رہی ہے کہ نعرے بھی درج تھے جس پر لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد سے رپورٹ طلب کر لی۔ وزارت داخلہ کے حکام کا کہنا ہے کہ کالعدم تنظیم کے جھنڈوں سے متعلق وفاقی وزیر داخلہ کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ اسلام آباد کے قریبی علاقوں میں داعش کے لیے ہمدردی رکھنے والے مبینہ عناصرکو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے تحقیقات کا آغاز ہو چکا ہے۔
ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ پولیس نے یہ جھنڈے لگنے کی اطلاع دینے والے شخص کو حراست میں لیا ہے جس نے اپنے تحریری بیان میں کہا کہ اس نے ٹی وی پر داعش کے جھنڈے دیکھ رکھے تھے لہٰذا اسلام آباد میں نظر آنے پر اس نے پولیس کو اپنے موبائل فون سے اطلاع دی‘ ابھی تک پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کو معلوم نہیں ہو سکا کہ انتہائی محفوظ علاقے میں جھنڈے لہرانے والے کون ہیں اور نہ ہی اس حوالے سے گرفتاریاں سامنے آئی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران علاقے میں مختلف مقامات پر نصب کیمروں کی مدد سے ملوث افراد کو شناخت کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی شناخت کے لیے پرنٹنگ کا کاروبار کرنے والے کچھ مقامی لوگوں سے بھی معلومات اکٹھی کی جائیں گی۔