چین نے پاک چین مشترکہ فضائی مشق ’’شاہین 6‘‘ پر تنقید مستردکردی

246

بیجنگ (اے پی پی)چین نے جاری پاک چین مشترکہ فضائی مشق ’’شاہین 6‘‘ پر تنقید کو مسترد کرتے ہوئے اسے معمول کی فوجی مشقیں قراردیاہے یہ مشقیں 27ستمبر کو اختتام ہوں گی۔یہ
بات چین کی پیپلزلیبریشن آرمی ائرفورس کے ترجمان شن جن کے نے کہی ہے۔چینی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز انہوں نے کہاکہ پاکستان اورچین کی فضائی افواج کے مابین مشترکہ تربیتی مشقوں پربعض ممالک کو غیر ضروری ردعمل کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے اوراس معاملے پر شوروغل سے گریزکرنا چاہیے اوران مشقوں سے سیکھنا اورسمجھنا چاہیے۔ترجمان نے کہاکہ دیگر ممالک کی افواج کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقیں بین الاقوامی عمل کا حصہ ہے اوراس سے ریاستی سلامتی اورقومی مفادات کے تحفظ کو یقینی بنایا جاتاہے ۔



واضح رہے کہ پاک فضائیہ اورچین کی پیپلز لیبریشن آرمی ائرفورس کی مشترکہ تربیتی مشقیں ’’شاہین 6‘‘ اس وقت چین میں جاری ہیں جو 27ستمبر کو اختتام ہوں گی۔ ان مشقوں میں جے ایف 17تھنڈر، میراج، ایف سیون پی جی اورزیڈ ڈی کے جبکہ چینی فضائیہ کے جے 8، جے الیون، جے ایچ سیون اور کے جے 200 اواکس سمیت زمینی افواج بشمول زمین سے فضاتک مار کرنے والے میزائل اورریڈار ٹروپس حصہ لے رہے ہیں۔