بنگلا دیش: روہنگیا پناہ گزینوں کی تعداد 7 لاکھ سے تجاوز کرگئی

186

ڈھاکا (اے پی پی) میانمر میں فوج اور انتہا پسندوں کے تشدد سے جان بچا کر بنگلا دیش پہنچنے والے روہنگیا مسلمانوں کی تعداد 7 لاکھ سے تجاوز کرگئی۔ ارنا نیوز ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی امداد (او سی ایچ اے) نے بتایا ہے کہ میانمر سے جان بچا کر بنگلا دیش پہنچنے والے
روہنگیا مسلمانوں کی تعداد 7 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے اور انہیں فوری طور پر امداد پہنچانے کی ضرورت ہے۔ او سی ایچ اے نے میانمر سے مسلمانوں کے جبری انخلا کو حالیہ عشرے کی سب سے بڑی اجتماعی ہجرت قرار دیا ہے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجیرک نے بتایا ہے کہ بنگلا دیش حکومت کی درخواست پر عالمی ادارے نے امداد رسانی کا کام تیز کردیا ہے اور روہنگیا پناہ گزینوں میں بڑی تعداد میں کمبل تقسیم کیے جا رہے ہیں تاکہ انہیں موسمی حالات سے بچایا جاسکے۔