پاکستان نے افغان سفیر کو دفترخارجہ میں طلب کر کے سرحدی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا ہے ۔ سیکریٹری خارجہ نے افغان سفیر سے سرحدی خلاف ورزی اور افغان حکومت کی جانب سے پاکستان پر الزامات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ۔
اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ کے مطابق سیکریٹری خارجہ نے 16 اور 17 اگست کو افغان فورسز کی جانب سے پاکستانی سرحدوں کی خلاف ورزی پر افغان سفیر جاناں موسیٰ زئی کو دفترخارجہ طلب کیا ۔ ترجمان کے مطابق سیکریٹری خارجہ نے سرحدی خلاف ورزی کے دوران افغان فورسز کی کارروائی میں 3 ایف سی اہلکاروں کی شہادت اور دو کے زخمی ہونے پر شدید احتجاج کیا ۔ ترجمان کے مطابق سیکریٹری خارجہ نے افغان سفیر کو انتباہ کیا کہ مستقبل میں اس قسم کے واقعات ناقابل قبول ہیں ۔
سیکریٹری دفترخارجہ نے افغان سفیر سے افغان حکومت کی جانب سے پاکستان پر الزامات پر شدید تحفظات کا اظہار، سیکریٹری دفترخارجہ کا کہنا تھا افغان حکومت کے پاکستان پر الزامات بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہیں ۔ سیکریٹری خارجہ کا کہنا تھا پاکستان افغانستان کے ساتھ دوستانہ اور برادرانہ تعلقات چاہتا ہے مگر ایسے الزامات سے دونوں ممالک کے تعلقات متاثر ہو سکتے ہیں ۔ اس موقعے پر سیکرٹری خارجہ نے احتجاجی مراسلہ افغان سفیر جاناں موسیٰ زئی کے حوالے کیا۔