بجلی کے نر خوں میں 30فیصد اضا فہ فی الفور واپس لیا جائے،حافظ نعیم الرحمن

310

 امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں 30فیصد اضافے کی شدید مذمت کر تے ہو ئے اسے کراچی کے عوام کے ساتھ سراسر ظلم و زیادتی قرار دیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ کراچی کے شہریوں پر ظلم بند کیا جائے اور یہ اضافہ فی الفور واپس لیا جائے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کے الیکٹرک عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مشکلات و پریشانیوں میں مسلسل اضا فہ کر رہی ہے ۔کے الیکٹرک کی نا اہلی اور ناقص کارکردگی سے شہری سخت نالاں ہیں ۔لوڈشیڈنگ اور زائد بلنگ نے عوام کو پہلے ہی دوہرے عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے ۔گزشتہ دنوں سخت گرمی میں بجلی کے بدترین بحران نے غریب عوام کی جانیں تک لے لیں ۔عوام کے شدید احتجاج اور غم و غصے کے باوجود کے الیکٹرک نے اپنی کارکردگی بہتر بنانے اور پیدا وار میں اضا فے کے لیے کوئی کوشش نہیں کی اور اب ستم ظریفی یہ ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ نج کاری کے وقت یہ بات طے کی گئی تھی کہ نئے پاور پلانٹ لگائے جائیں گے ،مزید سر مایہ کاری کی جائے گی اور شہریوں کو بلا تعطل بجلی کی فراہم کی جائے گی لیکن افسوس کہ کے الیکٹرک نے نج کاری کے معاہدے پر عمل درآمد نہیں کیا اور عوام کی شکایت اور مسائل میں مسلسل اضافہ ہو تا گیا ۔انہوں نے کہا کہ آج کے الیکٹرک کی نااہلی اور ناقص کارکردگی کے باعث کراچی کے عوام جس سنگین صورتحال سے دوچار ہیں اس کی ذمہ دار ی ان جماعتوں پر بھی عائد ہوتی ہے جنہوں نے اس کی نج کاری کرائی تھی اور اس نج کاری کی حمایت کی تھی ۔