قومی ہاکی ٹیم ایشین چیمپئن شپ کی فاتح بن کر لوٹے گی‘ فرحت خان

596

کراچی (سید وزیر علی قادری) ایشین ہاکی چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ہماری قومی ٹیم ایشین ہاکی چیمپئن شپ میں فاتح بن کر لوٹے گی۔یہ بات انہوں نے عبد الستار ہاکی اسٹیڈیم میں قومی ٹیم کی جاری پریکٹس کے دوران نمائندہ جسارت سے گفتگو کرتے ہویے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ جاری کیمپ کا عاشورہ سے قبل آج آخری روز ہے اور یہ کیمپ دوبارہ 5اکتوبر کو شروع ہوگا جبکہ ٹیم 8اکتوبر کو ڈھاکا روانہ ہوگی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان کھلاڑی دن میں 2 مرتبہ ٹریننگ سیشن کے دوران بھرپور محنت کررہے ہیں ۔ فٹنس پر بھی خاص توجہ دی گئی ہے اورکھلاڑیوں کی ڈائیٹنگ کا بھی خیال رکھا جارہا ہے۔



انہوں نے ایک اور سوال کا جواب دیتے ہویے جہ کہ کھلاڑی اسٹیڈیم سے متصل ہاسٹل میں قیام پزیر ہیں اور آج اپنے گھروں کے لیے روانہ ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ ایف کے صدر برگیڈئیر اور سیکریٹری اولمپئن شہباز احمد نے جس طرح مجھ پر اعتماد کیا ہے کوشش ہے کہ اس پر پورا اتروں۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو سہولیات سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ کراچی میں بہت کم کیمپ لگتے ہیں اور یہاں اس قسم کی سہولیات میسر نہیں ہیں جیسے لاہور اور اسلام آباد میں موجود ہیں ۔ لیکن ہم نے پھر بھی سخت جان ہوکر اپنے ملک کے پرچم کو بلند کرنے کا عزم کررکھا ہے اور انشا ہ اللہ قوم کی دعاؤں سے فاتح بن کر لوٹیں گے۔