وفاق نے لاپتا سرکاری ملازمین کے لیے پیکیج کی منظوری دیدی

217

پشاور(آن لائن)وفاق نے دوران سروس لاپتا ہونے والے سرکاری محکموں کے ملازمین اور افسران کے لیے پیکیج کی منظوری دے دی ہے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے اس ضمن میں چاروں
صوبائی حکومتوں ، وفاقی محکموں کو آگاہ کردیا ہے جس کے مطابق وزیر اعظم کی منظوری کے بعد نیا آفس میمورنڈم جاری کردیاہے اگر کوئی سرکاری ملازم دوران سروس لاپتا ہو گیا اور ایک سال گزرنے تک وہ لاپتا رہیں اور بازیاب نہ ہوں اور یہ قوی تاثر ہو کہ لاپتا ملازم وفات پا گئے ہیں تو انہیں دوران سروس وفات پانے والے وفاقی ملازمین کے لیے منظور شدہ مالی پیکیج ملے گا اگر کسی وقت لاپتا ملازم بازیاب ہو گئے تو پھر پیکیج کی ادائیگی روک دی جائے گی اور یہ رقم حکومت کو ادا کی جائے گی یا پنشن یادوسری مالی مراعات میں ایڈجسٹ کی جائے گی ۔ وزیر اعظم نے ہدایات کی ہے کہ ایسے کیسز مکمل جواز کے ساتھ انفرادی طور پر بھیجے جائیں۔