پاکستان عام ملک نہیں،اپنا دفاع کرنا اچھی طرح جانتا ہے ،شاہد خاقان

168

اسلام آباد/مری(اے پی پی +آن لائن)وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف دنیا کی سب سے بڑی جنگ لڑی ، پاکستان کوئی عام ملک نہیں بلکہ ایٹمی قوت ہے جو اپنا دفاع کرنا اچھی طرح جانتا ہے،جس ملک میں جمہوریت پنپتی ہے وہیں مسائل ہوتے ہیں، جمہوری اقدار کی مضبوطی ہماری اولین ترجیح ہے۔وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے مری میں لارنس کالج گھوڑا گلی کے 157 ویں یوم تاسیس کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ اس موقع پر انہوں نے کامیاب ہونے والے طلبہ میں میڈلز اورانعامات تقسیم کیے۔ اپنے خطاب میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے
طلبہ کو مبارکباددی اور انہیں بامقصد زندگی گزارنے کی نصیحت کی۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی کسی عہدے سے نہیں ملتی بلکہ زندگی میں بغیر عہدوں کے بھی کامیاب ہوا جاسکتا ہے

۔وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف دنیا میں سب سے بڑی جنگ لڑی اور اس جنگ میں ہزاروں جانیں قربان کیں، پاکستان کی افواج دنیا کے امن کے لیے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہیں، پاکستان کوئی عام ملک نہیں بلکہ ایٹمی قوت ہے جو اپنا دفاع کرنا اچھی طرح جانتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جس ملک میں جمہوریت پنپتی ہے وہیں مسائل ہوتے ہیں اور وہی ملک ترقی بھی کرتے ہیں، جمہوری اقدار کی مضبوطی ہماری اولین ترجیح ہے۔



علاوہ ازیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکا اﷲ نے جمعرات کو وزیراعظم آفس میں الوداعی ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے مادر وطن کے دفاع کے لیے سبکدوش ہونے والے نیول چیف کی طویل اور شاندار خدمات کو سراہا اور مستقبل میں ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔