ٹیکس وصولیوں کا ہدف 4013ارب روپے مقرر کیا ہے، اسحق ڈار

245

اسلام آباد(اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے لیے ٹیکس وصولیوں کا ہدف 4013 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے جو گزشتہ سال کے ہدف سے 19.4 فیصد زیادہ ہے، رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ایف بی آر کی ٹیکس وصولیوں میں 20 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ وہ جمعرات کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی چیف کمشنرز کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس وصولیوں میں یہ اضافہ جولائی تا ستمبر کے دوران 41 ارب روپے کے ریفنڈز کی ادائیگی کے باوجود ہوا ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں 19 ارب روپے کے ریفنڈز جاری کیے گئے تھے۔ انہوں نے ٹیکس کی بنیاد کو حقیقی معنوں میں وسعت دینے کے لیے کوششوں پر زور دیا۔ اس سلسلے میں انہوں نے کہا کہ ٹیکس گزاروں کو دوستانہ ماحول فراہم کیا جانا چاہیے جبکہ یہ عام لوگوں، کاروباری برادری اور دیگر کی بھی ذمے داری ہے کہ وہ ٹیکس ادا کریں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کو درپیش سیکورٹی چیلنجز اور دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کے پیش نظر زیادہ سے زیادہ وسائل درکار ہیں۔ ایف بی آر پر اس حوالے سے بھاری ذمے داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اس ضرورت کو پورا کرنے میں مدد فراہم کرنے کے لیے کوششیں کرے۔