اسلام آباد (آن لائن) فاٹا کے اراکین نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر فاٹا اصلاحات پر عملدرآمد اور دیگر مطالبات کے لیے علامتی دھرنا دیا، حکومتی اور اپوزیشن اراکین نے فاٹا اراکین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا، دھرنے کی قیادت رکن قومی اسمبلی الحاج شاہ جی گل آفریدی، شہاب الدین، سجاد حسین طورو کر رہے تھے، فاٹا اراکین نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فاٹا کے صوبے میں انضمام اور دیگر اصلاحات کا نفاذ کرتے ہوئے فاٹا کے عوام کو قومی دھارے میں شامل کیا جائے اور ایف سی آر کا خاتمہ کیا جائے۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رکن قومی اسمبلی ملک ابرار، جمہوری وطن پارٹی کے ممبر آفتاب احمد خان شیرپاؤ، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے فاٹا اراکین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور ان کے مطالبات کی حمایت کی۔ سید خورشید شاہ نے اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ قیام پاکستان اور پاکستان کے تحفظ کے لیے فاٹا کے عوام کی بے پناہ قربانیاں ہیں اور فاٹا اراکین کے ان مطالبات کا ہر فورم پر ساتھ دیں گے۔