صدر ممنون سے امیر البحر کی الوداعی ملاقات‘خدمات پر خراج تحسین

216

اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین سے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکا اﷲ نے گزشتہ روز الوداعی ملاقات کی۔ صدر مملکت نے پاک بحریہ کے لیے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی ذمے داریاں بہترین پیشہ ورانہ طریقے سے ادا کیں جن کے نتیجے میں ملک کا بحری دفاع مضبوط ہوا اور پاک بحریہ پر قوم کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے ایڈمرل ذکا اﷲ کی ترقی، خوشحالی اور صحت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ان کا تجربہ ملک و ملت کی ترقی کے لیے کام آتا رہے گا۔دوسری طرف صدر ممنون نے گزشتہ روزچین کے سبکدوش ہونے والے سفیر سن وی ڈونگ اور ان کی اہلیہ مادام وی ڈونگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین تعلقات میں گزشتہ 4برس کے دوران تاریخ ساز وسعت اور گہرائی پیدا ہوئی ہے، یہ گرم جوشی نسل در نسل چلے گی، اس دور کو پاک چین تعلقات کے سنہری دور کی حیثیت سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ ومنصوبہ بندی احسن اقبال، سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔