بلوچستان میں دہشت گردی قابل مذمت اور را کی کارستانی ہے‘ میاں مقصود

205

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج کی جانب سے اداروں کے احترام کی بات اور مارشل لا کے خدشات کو رد کرنا خوش آئند ہے۔ پاک فوج کے ترجمان اور آئی ایس پی آ ر کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے فوج اور حکومت کے درمیان فاصلے پیداہونے کے دعووں کوواشگاف الفاظ میں مسترد کرنا جمہوریت کی بالادستی کی عکاسی کرتا ہے۔تمام اداروں کو اپنی حدود میں رہتے ہوئے کام کرنا چاہیے۔ ملک میں ہم آہنگی کاکلچر فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ کیونکہ اسی میں ملک کی سلامتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں ہونے والی حالیہ دہشت گردی کی واردات را کی کارستانی معلوم ہوتی ہے۔ اس حوالے سے مکمل تحقیقات ہونی چاہییں اور ملوث ملزمان کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جانا چاہیے۔ دشمنوں کی سازشوں کامقابلہ کرنے کے لیے اتحاد ویکجہتی کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔



پاکستان دنیا کی پہلی اسلامی ایٹمی ریاست ہے جوکہ دشمن قوتوں کو برداشت نہیں ہورہی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ہمارا ازلی دشمن ہے جس نے پاکستان کے وجود کو کبھی کھلے دل سے قبول نہیں کیا۔ دہشت گردی کے خلاف ہماری کوششیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ دنیا اور بالخصوص جنوبی ایشیا میں قیام امن کے لیے جتنی قربانیاں ہم نے دی ہیں اتنی کسی اور ملک، ریاست یاقوم نے نہیں دیں۔ اس کے باوجود امریکا اور بھارت دونوں مل کر پاکستان کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں۔ مملکت خدادادپاکستان کو کوئی بھی نقصان نہیں پہنچاسکے گا۔ میاں مقصود احمدنے مزیدکہاکہ دشمن قوتوں کی سرکوبی کے لیے پاک فوج کے شانہ بشانہ پوری پاکستانی قوم تیار کھڑی ہے۔امریکا کاپاکستان کو نظر انداز کرکے بھارت سے معاہدے کرنا تشویش ناک ہے۔