دینی جماعتوں کے سربراہی اجلاس کیلیے رابطے مکمل کرلیے‘ عبدالغفور حیدری

121

اسلام آباد (صباح نیوز) دینی جماعتوں کے سربراہی اجلاس کیلیے جماعتوں کے قائدین سے رابطے مکمل کرلیے گئے، اجلاس 12اکتوبرکوہوگا ،غیر فعال متحدہ مجلس عمل میں شامل جماعتوں کے سربراہان کومدعوکیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق دینی جماعتوں کے اتحادکے بارے مشاورت کے لیے جمعیت علما اسلام (ف) کی طرف سے غیر فعال متحدہ مجلس عمل میں شامل جماعتوں کے قائدین سے رابطے مکمل کر لیے گئے ہیں جماعت اسلامی پاکستان کے سربراہ سینیٹرسراج الحق مرکزی جمعیت اہل حدیث کے
امیرسینیٹر پروفیسرساجد میر،اسلامی تحریک کے سربراہ علامہ ساجدعلی نقوی، جمعیت علما پاکستان(نورانی)کے رہنما صاحبزادہ انس نورانی ،لیاقت بلوچ،جمعیت علماء4 اسلام (س)کے رہنماؤں سے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ اور جے یو آئی ف کے سیکرٹری جنرل مولاناعبدالغفور حیدری نے باقاعدہ طور پر رابطے کے۔ خبررساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے مولاناعبدالغفور حیدری نے بتایا کہ ایم ایم اے میں شامل جماعتوں کے قائدین سے رابطوں کی ذمہ داری ان کی جماعت کے سربراہ مولانافضل الرحمان کی طرف سے دی گئی تھی رابطے مکمل ہوگئے ہیں پہلے مرحلے میں غیر فعال ایم ایم اے میں شامل جماعتوں کے قائدین سے رابطے کیے گئے ہیں۔ مذاکراتی ٹیم نے ممکنہ اتحاد کی تشکیل کے حوالے سے سفارشات مرتب کی ہیں۔ قائدین ایک بار پھر مل بیٹھیں گے اور ان تجاویز پر مشاورت کی جائے گی۔ پاکستان کے دینی ونظریاتی تشخص کا تحفظ اتحاد کا کلیدی مقصد ہوگا۔