ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد نے یونیورسٹیوں کی ترقی میں تعاون کیا ہے

231

خیرپور(نمائندہ جسارت)شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے قیام کے 15سال مکمل ہونے پر ڈائریکٹوریٹ آف پلاننگ اور ڈویلپمنٹ کے زیرِ اہتمام ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کا شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کی فزیکل ترقی اور انفرااسڑکچر کی مضبوطی میں کردار کے عنوان پر ایک توسیعی لیکچر پروگرام منعقد ہوا جس کی صدارت پروفیسرڈاکٹر محمد یوسف خشک ڈین فیکلٹی آف آرٹس اور لینگویجز نے کی۔ جبکہ ڈائریکٹر پلاننگ اور ڈیویلپمنٹ برکت اللہ قریشی نے لیکچر دیا۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد یوسف خشک نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد نے اپنے قیام سے اب تک ملک کی یونیورسٹیوں میں عموماً اور شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کو خصوصاً فزیکل ترقی میں تعاون کیا ہے۔ ڈیٹ پام ریسرچ انسٹیٹیوٹ، سینٹر فار بائیو ڈائیورسٹی اور کنزرویشن، فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز، اسٹوڈنٹ سروس سینٹر، فارن فیکلٹی ہاسٹل و دیگر بلڈنگ ہائرایجوکیشن کمیشن کے فنڈز سے تعمیر کی گئیں۔ حال ہی میں سیف منصوبہ اس کی بہترین مثال ہے۔ برکت اللہ قریشی نے توسیعی لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد نے شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کی ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے بلڈنگز کی تصاویر پیش کیں، انہوں نے ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد اور ان کی ٹیم کو ملک کی جامعات کے انفرااسٹرکچر کو مضبوط کرنے پر سراہا۔ پروفیسر ڈاکٹر بدرالدین میمن ڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق مہر، پروفیسر ڈاکٹر سید اسد رضا عابدی، پروفیسر ڈاکٹر غلام عباس شر، پروفیسر ڈاکٹر تاج محمد لاشاری، امداد علی سیال اور اسد علی جونیجو و دیگر نے شرکت کی۔