ملک میں آنیوالے قیامت خیز زلزلے کو 12سال بیت گئے 

218

مظفر آباد (اے پی پی) 8 اکتوبر2005ء کو آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا میں آنے والے زلزلے کو 12سال بیت گئے ہیں ‘شہداء کی یاد میں آج اتوار کو دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔ 7.6شدت کے اس قیامت خیز زلزلے میں72 ہزار سے زائد افراد لقمۂ اجل بنے اور ہزاروں زخمی ہوئے‘ آزاد کشمیر میں انفرااسٹرکچر مکمل تباہ ہو گیا تھا‘ آزاد کشمیر میں46 ہزار اموات ہوئیں اور 34 ہزار زخمی ہوئے۔ باغ میں یوتھ فورم کے زیر اہتمام شہداء زلزلہ والی بال ٹورنامنٹ کا اہتمام کیا گیا ہے‘ اسکولوں کے طالب علموں نے واکس کا اہتمام کیا ہے۔ باغ میں مختلف سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کے تعاون سے کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ہے جس کے مہمان خصوصی آزاد کشمیر کے وزیر اطلاعات و سیاحت راجا مشتاق منہاس ہوں گے۔