محکمہ صحت کی غفلت نے اسپتالوں کو مسائلستان بنا دیا ہے، ذکراﷲ مجاہد

251

لاہور (خصوصی رپورٹر) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ شہر کے سرکاری اسپتالوں پر محکمہ صحت کی کمزور گرفت کے باعث اسپتال مسائلستان بن چکے ہیں ۔ 77بر س بعد بھی پاکستانی عوام ایک طرف علاج معالجے کی مناسب سہولیات کیلیے ترس رہی ہے تو دوسری جانب مہنگائی کی وجہ سے انہیں پیٹ بھر کھانا بھی میسر نہیں ۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز انہوں نے ثریا عظیم (وقف) اسپتال میں ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی غفلت اور ناقص پالیسیوں کی وجہ سے غریب اور متوسط طبقات کے لوگ علا ج معالجے کی سہولیات کو ترس رہے ہیں جبکہ ہمارے ملک کے حکمران اپنے علاج معالجے کے لیے بیرونی ممالک کو ترجیح دیتے ہیں۔ عوام اپنے بنیادی حقوق صحت وتعلیم اور روزگار کیلیے ترس رہی ہے اور حکمران اپنی کرپشن چھپانے اور اپنے تحفظ کے لیے ملکی قانون اور اداروں کے خلاف عوام میں انتشار پھیلا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہر میں سرکاری اسپتالوں کی مشینری کا یہ عالم ہے کہ 70فیصد اسپتالوں میں بلڈپریشر و دیگر معائنہ کرنے والے آلات خراب ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں علاج معالجہ کے معیار میں روز بروز کمی آرہی ہے اور غریب مریض ایڑیاں رگڑ رگڑ کر مررہے ہیں ۔