لاہور ( ہیلتھ رپورٹر) پنجاب کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کیلیے داخلہ ٹیسٹ اب 29اکتوبر بروز اتوار ہوگا۔ ہفتہ کے روز یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ وہ تمام امیدوار جو 20اگست کو انٹری ٹیسٹ میں شرکت کرچکے ہیں وہ اپنے پرانے رول نمبرز کے ساتھ انہی سنٹرز سے ٹیسٹ میں بیٹھ سکیں گے۔جہاں انہوں نے پہلے ٹیسٹ دیا تھا۔ اس ٹیسٹ کیلیے کوئی نئی رجسٹریشن یا فیس جمع کرانے کی ضرورت نہیں۔ ہفتہ کے روز یو ایچ ایس کے نئے قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فیصل مسعود نے یونیورسٹی کی فیکلٹی اورا سٹاف سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ چند افراد کی وجہ سے یونیورسٹی کی عزت پر جوداغ لگا ہے اسے صاف کریں گے اور ادارے کا وقار بحال کریں گے۔ انہوں نے تمام اسٹاف سے پوری لگن اور محنت کے ساتھ کام کرنے کی درخواست کی۔ مزید برآں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئے تمام عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔یونیورسٹی کی ڈپٹی کنٹرولر صائمہ تبسم اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر مانیٹرنگ جازب حسین بھٹی کو تفتیش کے عمل میں شامل ہونے کے باعث رخصت پر بھیج دیا گیا ہے۔یونیورسٹی میں حفاظتی انتظامات کو سخت کردیا گیا ہے۔ تمام وائی فائی نیٹ ورک بند کردیا گیا ہے جبکہ نئے سیکورٹی کیمرے بھی لگادیے گئے ہیں۔ انٹری ٹیسٹ کے حوالے سے نئے ایس او پیز بھی لاگو کردیے گئے ہیں۔