سابق نااہل وزیراعظم ملکی سلامتی کو اپنی انا کی بھینٹ نہ چڑھائیں، حامد رضا

134

لاہور (آن لائن) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ ن لیگ کی آئینی اداروں سے ٹکراؤ کی پالیسی ملکی استحکام کے لیے خطرہ ہے۔ سابق نااہل وزیراعظم ملکی سلامتی کو اپنی انا کی بھینٹ نہ چڑھائیں۔ حکومتی مشینری ملک کے دفاع کو بھول کر نواز شریف کے دفاع میں مصروف ہے۔ جمہوریت کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ دار ن لیگ ہو گی۔ پوری قوم ایک طرف اور ن لیگ دوسری طرف کھڑی ہے۔ ملکی سلامتی کے لیے جانیں قربان کرنے والی فوج پر ن لیگ کی الزام تراشی قومی مفاد کے منافی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے مرکزی و صوبائی عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ عدالت سے نااہل ہونے والے شخص کو پارٹی صدر بنانے کی ترمیم آئین کی شق 62، 63 سے متصادم ہے۔ موجودہ نااہل حکومت سے ملک سنبھالا نہیں جا رہا۔ وزرا عوام سے تنخواہ لے کر شریف خاندان کے ملازم بنے ہوئے ہیں۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے مزید کہا کہ حکومتی صفوں میں موجود لبرل لابی پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے۔