پرائس کنٹرول کمیٹیاں گراں فروشی کے خاتمے میں ناکام ہوگئیں 

211

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 67 کے امیر یوسف گل پراچہ نے کہا ہے کہ حکمران عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مہنگائی اور ٹیکسوں کی مد میں تکلیف پہنچا رہے ہیں۔ عوام پر بیک وقت بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر کے حکومت نے آئی ایم ایف کا وفادار ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں حکومت اور ضلعی انتظامیہ سمیت پرائس کنٹرول کمیٹیاں سبزیوں اور پھلوں کی گراں فروشی کنٹرول کرنے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے جس کا نقصان عوام کو مہنگی اشیا ضروریہ خرید کر اُٹھانا پڑ رہا ہے۔ پرائس کنٹرول کمیٹیاں سستے داموں اشیائے خورونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے بجائے کاغذی کارروائیوں میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب اور سفید پوش عوام پہلے ہی مہنگائی کے ہاتھوں پریشان ہیں اب مہنگے ٹماٹر، لیموں سمیت دیگر اشیا خورونوش کی قیمتیں آسمان پر پہنچ چکی ہیں، ایسے میں بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مزید مہنگائی کا طوفان برپا کر ے گا، جس کا خمیازہ بھی عوام کو بھگتنا پڑے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمر توڑ مہنگائی سے عوام پہلے ہی بے حال ہیں، غریب عوام کا چولہا مہنگائی کی وجہ سے بجھ رہاہے اور لوگ خود کشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔ حکومت کا عوام کے ساتھ کیسا انصاف ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہورہی ہیں لیکن پاکستان میں عوام کو اس کا ریلیف دینے کے بجائے مزید قیمتوں میں اضافہ کرنے کی روایت کو برقرار رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر بجلی بلوں میں اضافہ اور ٹیکسوں کے خاتمے کے ساتھ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے، حکومت اگر عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیتی توتکلیف بھی نہ دے اور شہر بھر میں گراں فروشی کو کنٹرول کرنے کے لیے اہل افراد پر کمیٹیاں تشکیل دے جو اپنا کام ایماندار ی سے سرانجام دیں اور عوام کو روز مرہ کی اشیا خورونوش کی خریدو فروخت میں ریلیف میسر ہو۔