کیپٹن پی کیو کیمیکل انتظامیہ مزدور دشمنی نہ کرے، ارشد عباسی

142

محمد ارشد عباسی کیپٹن پی کیو کیمیکل انڈسٹری ایمپلائز یونین کے صدر نے جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے مسلسل چھ سال کی کوششوں کے بعد NIRCسے رجسٹریشن اور CBAیونین نے حاصل کی ہے۔ جو کہ انتظامیہ کو ناگوار گزرا ہے اور مزدوروں کو اپنے حقوق سے دور رکھنے کے لیے مختلف طرح کے ہتھکنڈے استعمال کیے جا رہے ہیں لیکن یہ مزدور یونین 6سال سے ظلم و جبر برداشت کررہی ہے۔ نہ تو کبھی لیبر ڈپارٹمنٹ اور سرکاری ادارے کے لوگوں کو اندر جانے کی کوشش کی ہے کیوں کہ مین گیٹ سے لفافہ مل جاتا ہے جو ان کی ضرورت بھی ہے، اس لیے وہیں سے واپس چلے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹن پی کیو کیمیکل کے منیجر نے 28 ستمبر 2017ء کو ایک اظہار وجوہ کا بے بنیاد نوٹس مجھے دیا جس کا تفصیلی جواب 29 ستمبر کو میں نے منیجر کو دے دیا۔ میرے جواب پر منیجر نے 2 اکتوبر کو پھر اظہار وجوہ کانوٹس دے دیا۔ دوسرے اظہار وجوہ کا جواب میں نے منیجر کو 4 اکتوبر کو دے دیا۔ اس موقع پر محمد ارشد عباسی نے جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیپٹن پی کیو کیمیکل کی انتظامیہ CBAیونین سے تعاون کرے۔ بہتر صنعتی تعلقات سے کام کا اچھا ماحول ملے گا جس میں انتظامیہ اور مزدور دونوں کا فائدہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ انتظامیہ جھوٹے الزامات لگا کر یونین عہدیداروں اور مزدوروں کو خوف میں مبتلا رکھنا چاہتی ہے جس کو CBA یونین کسی بھی حالت میں برداشت نہیں کرے گی۔