اسلام آباد (جسارت نیوز) پاکستان اسکواش فیڈریشن کے نائب صدر قمر زمان نے کہا ہے کہ رواں سال دسمبر میں اسلام آباد میں ہونے والے پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن ( پی ایس اے) کے مقابلوں میں دنیا بھر سے نامور کھلاڑی شرکت کریں گے،فیڈریشن کی کوششوں سے9 سال بعد50 ہزار ڈالر پی ایس اے ایونٹ کی میزبانی پاکستان کو مل گئی۔ میگا ایونٹ میں نامور قومی کھلاڑیوں کو میدان میں اتاریں گے تاکہ ان کی عالمی رینکنگ میں بہتری آسکے۔ خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن ( پی ایس اے) نے 2 ایونٹس کی میزبانی پاکستان کو دی ہے جس میں 50 ہزار ڈالر مردوں جبکہ 25 ہزار ڈالر خواتین کا ایونٹ شامل ہیں۔ دونوں ایونٹس رواں سال دسمبر میں اسلام آباد میں کھیلے جائیں گے جس کیلئے انتظامات کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 50 ہزار ڈالر والے پی ایس اے ایونٹ میں دنیا بھر سے 32 سے40 کھلاڑیوں کی شرکت کی توقع ہے۔ ایونٹ میں غیر ملکی کھلاڑی بہت جلد انٹری کا عمل شروع کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ دسمبر میں ہونے والے ایونٹ میں دنیا بھر سے شرکت کرنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کو بھر پورسیکورٹی دیں گے۔ قمر زمان نے کہاکہ ایونٹ میں پاکستان کے نامور کھلاڑیوں کو میدان میں اتاریں گے تاکہ ان کی عالمی رینکنگ میں بہتری آسکے۔ انہوں نے کہاکہ حال ہی میں کوئی پاکستانی کھلاڑی ٹاپ 44 تک نہیں ہے۔ پاکستان کا ٹاپ رینکنگ کھلاڑی فرحان محبوب 45 پر موجود ہے۔ انہوں نے کہاکہ فیڈریشن نے ملک بھر سے نئے کھلاڑیوں کو تلاش کرنے کیلئے مختلف اکیڈمیاں قائم کررکھی ہیں۔ ان اکیڈمیوں سے بھی باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایئر چیف سہیل امان کی خصوصی کوششوں کی وجہ سے ملک میں دوبارہ پی ایس اے کے مقابلے بحال ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایونٹ کی میزبانی9 سال بعد پاکستان کو ملی ہے۔ امید رکھتے ہیں کہ آئندہ سال مزید پی ایس اے کے ایونٹس کی میزبانی پاکستان کو ملے گی۔
قمر زمان نے کہاکہ رواں سال فروری میں ناگزیر وجوہات کی بناء پر پی ایس اے نے پاکستان میں پی ایس اے کے مقابلوں پر پابندی لگائی تھی تاہم فیڈریشن اور سابق کھلاڑیوں کی کوششوں سے پاکستان میں دوبارہ پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن کے مقابل بحال ہو کر باضابطہ طور پر پی ایس اے نے 2 ایونٹس کی میزبانی دسمبر میں پاکستان کو دی ہے۔