نواز شریف کا داماد وطن پہنچتے ہی گرفتار‘ لیگی کارکنوں کا ہنگامہ

252

کراچی ( مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم نواشریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو وطن واپس پہنچتے ہی گرفتار کرلیا گیا ہے۔وہ اپنی اہلیہ مریم کے ہمراہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب برطانیہ سے براستہ دوحہ اسلام آباد ائرپورٹ پہنچے جہاں ن لیگ کے مرکزی رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر سیکورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کییگئے تھے۔لیگی رہنماؤں نے مریم نواز اور صفدرکو ائر پورٹ پر نیب لاہور کی ٹیم کی موجودگی سے آگاہ کیا جس کے بعد مریم نواز لاؤنج سے باہر آئیں اور کارکنان کو ہاتھ ہلاکر نعروں کا جواب دیا ، بعدازاں اپنے شوہر کے بغیر گاڑی میں بیٹھ کر روانہ ہوگئیں جب کہ کیپٹن (ر) صفدر یقینی گرفتار نظر آنے کے بعد لاؤنج سے باہر آئے خود ہی جاکر نیب کی گاڑی میں بیٹھ گئے ۔ اس موقع پر لیگی کے کارکنوں کی جانب سے کیپٹن صفدر کی گرفتاری کے خلاف مزاحمت کی گئی اور وہ نیب حکام کی گاڑی کے آگے لیٹ گئے جب کہ کیپٹن صفدر کی جانب سے کارکنوں سے کہا گیا کہ کسی قسم کی مزاحمت نہ کی جائے تاہم کارکنان نے ان کی بات نہ سنی اور شدید احتجاج کیا جس کی وجہ سے نیب کی ٹیم جس کی سربراہ اسماعیل ڈوگر کررہے تھے



سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔یہ کشمکش ایک گھنٹہ جاری رہی جس کے بعد نیب حکام کیپٹن صفدر کو ساتھ لے جانے میں کامیاب ہوگئی۔کیپٹن صفدر کو آج احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔قبل ازیں نیب لاہور کی ٹیم عدالتی احکامات کے ساتھ کیپٹن صفدر کو گرفتار کرنے ائرپورٹ پہنچی اور انہوں نے راول لاؤنج کے اندر جانے کی اجازت مانگی تو اے ایس ایف حکام نے انہیں اندر جانے سے روک دیا۔اے ایس ایف حکام کا کہنا تھا کہ سیکورٹی وجوہات کی بنا پر نیب کی ٹیم کو راول لاؤنج میں جانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی کیونکہ لاؤنج کے اندر گرفتاری سے وہاں بدنظمی پیدا ہونے اور دیگر مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔واضح رہے کہ احتساب عدالت نے کیپٹن صفدر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کیے تھے اور اس حوالے سے نیب کی ٹیم نے سیکرٹری قومی اسمبلی کو خط بھی لکھا تھا کہ وہ عدالتی احکامات کی تعمیل کرتے ہوئے کیپٹن صفدر کو گرفتار کریں گے۔سینیٹر آصف کرمانی اور فضل طارق چودھری کے مطابق کیپٹن صفدر کی پیشی کے موقع پر ان کی ضمانت کرائی جائے گی۔