پارلیمنٹ کو قوم متحد کرنے کے لئے کام کرنا ہوگا ،رضا ربانی 

131

اسلام آباد(اے پی پی ) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ پارلیمان 1973ئکے آئین کے تحت اوراس کے ذریعے کام کرنے والے تمام اداروں کا محور ہے،پارلیمان وہ شاہراہ ہے جو لوگوں کے ساتھ ساتھ صوبوں کو وفاق سے ملاتی ہے اور ایک ادارے کو دوسرے سے منسلک کرتی ہے،گورننس کا 1973ئکے آئین کے تحت پارلیمان کے بغیر تصور بھی نہیں کیا جاسکتا ۔ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ پیر الٰہی بخش کالج دادو میں پیر الٰہی بخش کی یاد میں منعقدہ تقریب کے دوران طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمنٹ کی مرکزیت 1973ئکے آئین میں واضح طور پر موجو د
ہے کیوں کہ تمام قوانین اوردیگر آئینی امور پارلیمان انجام دیتا ہے یا اس کے ذریعے سے سرانجام پاتے ہیں۔



میاں رضاربانی نے کہا کہ آج ملک کو اندرونی و بیرونی خطرات کا سامنا ہے، ہمارے قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے غیرریاستی عناصر کے خلاف آپریشن کررہے ہیں،پارلیمان کو قوم کو متحد کرنے اور تمام اداروں کی آئین کے تحت امورکی انجام دہی کو یقینی بنانے میں اپنا تاریخی کردار ادا کرنا ہوگا،ملک کی خودمختاری کو درپیش خطرات کے پیش نظرپارلیمان کو پاکستان کی آواز اور شناخت بننا پڑے گا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمان وہ زنجیر ہے جو ایوان بالا مشترکہ مفادات کونسل کے ذریعے وفاقیت کو متحد رکھتی ہے۔