مقبوضہ کشمیر بھارتی مظالم کے خلاف مظاہرے اور جھڑپیں متعدد زخمی آج ہڑتال کا اعلان

251

سری نگر(اے پی پی+صباح نیوز)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ، فورسز سے جھڑپوں میں درجنوں افراد زخمی جبکہ حریت قیادت نے مقبوضہ وادی میں خواتین کے بال کاٹنے کے واقعات کیخلاف آج ہڑتال کا اعلان کردیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد قصبے میں بھارتی پولیس کے مظالم کے خلاف نوجوانوں نے سڑکوں پر نکل کر بھارتی پولیس کے مظالم کے خلاف نعرے لگائے۔ بھارتی پولیس نے نوجوانوں کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے بعد نوجوانوں اور پولیس کے درمیان جھڑپیں شروع ہوئیں۔



تاجروں نے قصبے کے صدر پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او کے تبادلے کا مطالبہ کرتے ہوئے مسلسل دوسرے روز بھی ہڑتال جاری رکھی۔دوسری جانب حریت قیادت نے خواتین کے سر کے بال کاٹنے کے
واقعات کے خلاف آج وادی بھر میں مکمل شٹرڈان ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ حریت قیادت نے عوام سے اپیل کی کہ خواتین کے ساتھ پیش آنے والے شرمناک واقعات کے خلاف مکمل ہڑتال کرکے پرامن احتجاج ریکارڈ کرایا جائے۔حریت قیادت نے بیان میں کہا کہ ان شرپسندوں کو پیغام دیا جائے کہ اس طرح کی شرمناک حرکتوں سے کشمیری مزاحمت کو نہیں دبایا جاسکتا بلکہ ہماری حق خودارادیت کی جدوجہد مزید تیز ہوجائے گی۔