لاہور ( آن لائن ) لاہور کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 4 روز کے دوران3 معصوم بچے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہو گئے ۔ مصری شاہ کے علاقے فیض باغ میں 3 سالہ یوسف ایاز مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوا، اہل خانہ کے مطابق یوسف گلی میں کھیلتا ہوا موت کی وادی میں چلا گیا۔ دوسرا واقعہ جمعے کی سہ پہر شفیق آباد کے علاقے میں پیش آیا جہاں مالی پورہ کا رہائشی 3 سالہ عدنان مین ہول میں گر کر اپنی جان گنوا بیٹھا ۔واقعے کے خلاف اہل علاقہ نے احتجاج کرتے ہوئے بند روڈ بلاک کر دیا۔ تیسرا واقعہ بدھ کی شام بیگم کوٹ شاہدرہ میں پیش آیا جہاں محنت کش یاسین کی ڈیڑھ سالہ بیٹی فضا گلی کے مین ہول میں جا گری۔ محلے داروں نے اپنی مدد آپ کے تحت بچی کو نکالا لیکن وہ دم توڑ چکی تھی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعات کا نوٹس لے کر تحقیقاتی ٹیمیں بھی تشکیل دے دیں۔