لاہور (آن لائن) جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر محمدراغب حسین نعیمی نے کہاکہ طلبہ جذبے اورخلوص سے اشاعت دین کیلیے کردار ادا کریں۔رضائے الہٰی کے حصول کے لیے خلوص انتہائی اہم ہے۔ ملک نازک دور سے گزر رہا ہے،ہمیں یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھنا ہو گا۔اسلام اورپاکستان کیخلاف عالمی سطح پریہود وہنود کی طرف سے ناکام سازشیں کی جا رہی ہیں ۔دین حنیف کی سربلندی اورپاکستانی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کیلیے ہمیں ہرلمحہ تیاررہناہوگا۔مدارس اہل سنت پاکستان کو سیکولر ریاست بننے کاخواب پورے نہیں ہونے دیں گے۔نبی کریمﷺ کی ناموس اورعقیدہ ختم نبوت کی حفاظت ہرامت پر فرض ہے۔ان خیالات کااظہارا نہوں نے گزشتہ روز جامعہ نعیمیہ میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ قوموں کی ترقی کا راز راسخ نظریات میں ہے ، قوموں کی ترقی کا راستہ تعلیم سے ہوکر گزرتا ہے۔تعلیم کے ذریعے ہی ترقی کی منازل طے کی جاسکتی ہیں۔انسانی تاریخ کے اوراق میں وہی اقوام زندہ رہتی ہیں جنہوں نے صرف اورصرف تعلیم وتحقیق کو اپناشعار بنایاہے۔