حکمران بھارت سے پیاز اور ٹماٹر منگوا کر اربوں روپے ہڑپنا چاہتے ہیں

225

171011-07-
لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ یوتھ ونگ لاہور کے صدر شیخ عمر نے کہا ہے کہ ٹماٹر اور پیاز غریبوں کی خوراک ہے، تاجر حکمرانوں نے یہ خوراک غریبوں سے چھین کر ملک سے باہر بھیج کر اپنی تجوریاں بھرلی ہیں، قوم کو اب بھی شریف برادران کا خوفناک چہرہ نظر نہیں آتا تو پھر اس قوم کا اللہ ہی حافظ ہے۔ ٹماٹر اور پیاز کا بحران ختم کرنے کے لیے پاکستانی حکمران بھارت کی منتیں کررہے ہیں۔ اس بات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ہاؤس میں یوتھ ونگ کے اجلاس کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ شیخ عمر نے کہا کہ ٹماٹر اور پیاز کی اپنی فصل ملک سے باہر بھیج کر پہلے قلت پیدا کی گئی اور اب بھارت سے پیاز اور ٹماٹر منگوا کر قومی خزانے سے اربوں روپے ہڑپ کرنے کی تیاریاں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی خزانے کو پہلے زرداری اینڈ کمپنی نے کھلے عام لوٹا اور اب شریف برادران تجارتی بنیادوں پر کمیشن کی شکل میں اربوں روپے لوٹنے میں مصروف ہیں۔ میثاق جمہوریت کو اپنے تحفظ کی چھتری سمجھنے والے سیاست دان باہمی ایجنڈے پر عمل کرکے قوم کو بے وقوف اور قومی وسائل کو شیرمادر سمجھ کر لوٹنے میں مصروف ہیں۔ ان سیاستدانوں نے قوم کو بے حس بنا کر ان سے سوچنے اور سمجھنے کی طاقت چھین لی ہے۔