تھری ایم پی او کے تحت گرفتار گزین مری کو رہا کردیا گیا

513

کوئٹہ(نمائندہ جسارت) گزین مری کی جانب سے تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کے خلاف دائر درخواست پربلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس نذیر لانگو پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے فیصلہ سنایا۔ سماعت کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوئٹہ، اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان اور گزین مری کے وکیل پیش ہوئے۔ گزین مری کے وکیل ارباب طاہر ایڈووکیٹ نے عدالت سے
استدعا کی کہ ان کے مؤکل عدالت میں پیش ہو کر مقدمات کا سامنا کرنے وطن واپس آئے ہیں، مقدمات میں ضمانت منظور ہونے کے باوجود انہیں تھری ایم پی او کے تحت جیل بھیجنا غیر قانونی ہے۔ سماعت کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کو نقص عامہ کے پیش نظر محکمہ داخلہ کے حکم پر تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا۔ عدالت نے ملزم گزین مری کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کوبلاجواز قرار دیتے ہوئے ان کی رہائی کاحکم دیا۔



یاد رہے کہ بلوچ قوم پرست رہنماء نواب خیر بخش مری مرحوم کے صاحبزادے گزین مری 18 سالہ خود ساختہ جلا وطنی ختم کرکے 22 ستمبر کو کوئٹہ پہنچے تھے، ائر پورٹ سے گرفتاری کے بعد انہیں کوئٹہ میں جسٹس نواز مری قتل کیس اور کوہلو میں لیویز کیمپ پر حملے کے مقدمات میں عدالت میں پیش کیا گیا۔ دونوں مقدمات میں انہیں عدالت سے ضمانت ملی تاہم رہا ہونے سے قبل ہی 29 ستمبر کو ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے انہیں تھری ایم پی او کے تحت ایک ماہ کے لیے جیل بھجوادیا۔