آئی سی سی ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ‘ اسد شفیق کی سری لنکا کیخلاف شاندار سنچری کی بدولت 7درجے ترقی

175

دبئی (جسارت نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ میں بلے بازوں میں ا سٹیون ا سمتھ، بولرز میں جیمز اینڈرسن اور آل راؤنڈرز میں شکیب الحسن بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں، اظہر علی 2 درجے تنزلی کے بعد 10ویں نمبر پر چلے گئے، کرونارتنے 9 درجے ترقی پا کر ٹاپ 20 میں شامل، اسد شفیق کی 7 درجے ترقی کے ساتھ 28 ویں نمبر پر آ گئے، بولرز میں ربادا 2 درجے ترقی پا کر تیسرے نمبر پر آ گئے، یاسر شاہ کا 15 واں نمبر برقرار ہے، پریرا 3 سیڑھیاں چڑھ کر 23 ویں نمبر پر آ گئے۔ گزشتہ روز آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ کے تحت بلے بازوں میں ا سمتھ سرفہرست، جوروٹ دوسرے، کین ولیمسن تیسرے، چیتشور پوجارا چوتھے، ڈیوڈ وارنر5ویں، ویرات کوہلی چھٹے، ہاشم آملہ7ویں نمبر پر موجود ہیں، اظہر علی تنزلی کے بعد8ویں سے 10ویں نمبر پر چلے گئے، دیمتھ کرونارتنے پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں کیریئر بہترین 196 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد 9 درجے چھلانگ لگا کر 26 ویں سے 17 ویں نمبر پر آ گئے،



تمیم اقبال اور چندیمل تنزلی کے بعد ٹاپ 20سے باہر ہو گئے، اسد شفیق 7 درجے اوپر چڑھ کر 35 ویں سے 28 ویں جبکہ سرفراز احمد 33ویں سے 32 ویں نمبر پر آ گئے، سمیع اسلم اور حارث سہیل بھی تنزلی کے بعد 73ویں اور 76 ویں نمبر پر چلے گئے، بولرز میں اینڈرسن پہلے نمبر پر براجمان ہیں، جدیجا کا دوسرا نمبر ہے، کاگیسوربادا نے 2 درجے ترقی پا کر ایشون کو چوتھی پوزیشن پر دھکیل دیا، ہیراتھ ایک درجے تنزلی کے بعد 5ویں نمبر پر چلے گئے، ا سٹورٹ براڈ کی ٹاپ 10میں انٹری ہوئی، فلینڈر باہر ہو گئے، یاسرشاہ 15واں نمبر برقرار رکھے ہوئے ہیں، وہاب ریاض ایک سیڑھی چڑھ کر 24 ویں نمبر پر آ گئے، محمد عباس اور محمد عامر 42 ویں اور 43 ویں نمبر پر برقرار ہیں، آل راؤنڈرز میں شکیب الحسن پہلے، جدیجادوسرے، ایشون تیسرے، اسٹوکس چوتھے اور معین علی5ویں نمبر پر موجود ہیں۔