لاہور(جسارت نیوز)ڈائریکٹر جنرل ا سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کہا ہے کہ ا سپورٹس کی ترقی کیلئے ایسے اقدامات کریں گے جس سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہو اورنوجوان اسپورٹس کی جانب راغب ہوں، اسپورٹس کے زیرتکمیل منصوبوں کو جلداز جلد مکمل کیا جائے گا، ضلع، ڈویژن کی سطح پر ایسے اسپورٹس ایونٹس منعقد کریں گے جس پر کھلاڑی فخرکرے گا کہ وہ ضلع یا ڈویژن کا چیمپئن ہے، پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس کو بھی بہت جلد آپریشنل کردیا جائے گا، کھیلوں کا بہترین انفراسٹرکچر بنانا اولین ترجیح ہے، پنجاب حکومت کے ویژن کے مطابق اسپورٹس کی ترقی کیلئے دن رات کام کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ا سپورٹس بورڈ پنجاب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر ا سپورٹس محمد انیس شیخ بھی موجود تھے، ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے مزید کہا کہ اسپورٹس کسی بھی ملک کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل شعبہ ہوتا ہے، جتنا ملک ترقی یافتہ ہوگا وہ اسپورٹس میں بھی اتنا مضبوط ہوگا، ہم ایسے اقدامات کریں گے جس سے ا سپورٹس کو ترقی ملے گی۔، انہوں نے کہا کہ منظور شدہ منصوبوں کی تکمیل میری ترجیحات میں شامل ہے،اس میں کسی کی بھی کوتاہی یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی،پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس کو بہت جلد آپریشنل کردیا جائے
، سوئمنگ کمپلیکس سوئمرز کیلئے ایک تحفہ ہوگا، اس کے علاوہ باکسنگ اور ا سکواش کے منصوبے بھی جلد مکمل کئے جائیں گے، ایک سوال کے جواب میں ڈی جی اسپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کہا کہ ا سپورٹس کی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ ایسے ایونٹس اور ٹورنامنٹ منعقد کئے جائیں جس میں کھلاڑی کی حوصلہ افزائی ہو،اس کے بغیر ہم مقاصد حاصل نہیں کرسکتے، کھلاڑیوں کو مکمل سہولتیں دیں گے کہ وہ لگن سے ا سپورٹس کی سرگرمیوں میں حصہ لیں، انہوں نے کہا کہ میری یہ کوشش ہو گی کہ جن کھیلوں کو ماضی میں نظر انداز کیا گیا ان پرخصوصی توجہ جائے، ہم ایسے اقدامات کریں گے جس کا فائدہ کھلاڑیوں کو ہو تاکہ وہ پاکستان کا نام روشن کرسکیں، کھلاڑیوں کو مکمل مواقع فراہم کریں گے کہ وہ اپنے ٹیلنٹ کا اظہار کرسکیں، سمت درست ہو تو مقاصد حاصل کئے جاسکتے ہیں، اضلاع میں اسپورٹس کے منصوبے بھی جلد مکمل کریں گے۔