شجاع خانزادہ پر حملہ سیکورٹی لیپس تھا،وزیرداخلہ کا اعتراف

156

وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے شجاع خانزادہ پر حملے میں سیکورٹی لیپس ہوا ہے اٹک سانحے کا اینگل سے جائزہ لے رہے ہیں ۔ اگلے ہفتے تمام وزرائے اعلیٰ کا اجلاس طلب کر رہا ہوں ، وزیراعظم اور آرمی چیف کو بھی دعوت دی جائے گی ۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنفس کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ شجاع خان زادہ پر حملے میں سیکورٹی لیپس ہوا ہے تاہم ان کا کہنا تھا شجاع خان زادہ کو ان کے آبائی گاؤں جانے سے منع کیا گیا تھا ۔ شجاع خان زادہ کا اپنے ڈیرے پر جانے کا کوئی پروگرام نہیں تھا ۔ چوہدری نثار علی کا کہنا تھا سانحہ اٹک پر پوری توجہ دے رہے ہیں شجاع خان زادہ سے متعلق ہونےوالی تحقیقات میں کوئی بریک تھرو ہوا تو قوم کے ساتھ شیئر کریں گے ۔

وزیرداخلہ کا کہنا تھا فوج ، حکومت اور ملک کے عوام اس وقت حالت جنگ میں ہیں، حالت جنگ میں فوج کو متنازع بنانا درست نہیں ، سیاسی بیانات کا جواب آئی ایس پی آر ہر گز نہیں دے گا، حکومت اورعسکری قیادت کے تعلقات بہت اچھے ہیں اور حکومت کی 2 سال کے دوران فوج کیساتھ کبھی تلخی نہیں ہوئی۔ چودھری نثار کا کہنا تھا فوج کا دفاع کرنا حکومت کی ذمے داری ہے ۔

چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا ستمبر کے پہلے ہفتے میں تمام مدارس کے منتظمین کے ساتھ وزرائے اعلیٰ کا اجلاس بلاؤں گا ۔ اجلاس میں شرکت کے لئے وزیراعظم اور آرمی چیف کو خصوصی طور پر دعوت دی جائے گی ۔