قادیانیوں کے ناموس رسالت پر حملوں کا منہ توڑ جواب دینگے‘ جماعت اسلامی

226

پشاور(نمائندہ جسارت )امیر جماعت اسلامی خیبر پختو نخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت پاکستان کی اساس اور امت محمدی ؐکی ریڈ لائن ہے طویل عرصے سے عالمی استعمار اور مغرب کی یہ سازش ہے کہ ناموس رسالت اور ختم نبوت کے ایمانی قلعے کو مسمار کر دیا جائے ، قادیانیوں کے ناموس رسالت پر پے درپے حملوں کا منہ توڑجواب دیاجائے گا، قائداعظم یونیورسٹی کے سائنس بلاک کو ڈاکٹرعبدالسلام سے منسوب کرنازیادتی ہے، اس کے خلاف قومی اسمبلی میں قراردادپیش کی جائے گی۔عقیدہ ختم نبوت کے حلف نامے کے خاتمے کی کوشش کلریکل غلطی نہیں منصوبہ بند کو شش تھی ، اس سازش میں
پوری وفاقی حکومت ملوث ہے اب ان عناصر کا پتا چلانا اور ان کو قانون کے کٹہرے میں لاکر ان کا محاسبہ کرنا حکومت کی ذمے داری ہے،اس کی تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیٹی یا کمیشن بنایا جائے، قومی اسمبلی میں ختم نبوت کے خلاف کی گئی سازش کے خلاف بر وقت آواز اٹھانے پر صاحبزادہ طارق اللہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ،اس سلسلے میں 18 اکتوبر کو پشاور میں جماعت اسلامی ایک عظیم الشان ختم نبوت کانفرنس منعقد کرے گی ، جس کے مہمان خصوصی جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق ا ور جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ ہوں گے، جماعت اسلامی عقیدہ ختم نبوت کی پاسبان ہے ،دشمن کو کسی صورت کامیاب نہیں ہو نے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار اانہوں نے جماعت اسلامی کے صوبائی ہیڈ کوارٹر المرکز الاسلامی پشاور میں قومی اسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پررکن قومی اسمبلی صاحبزادہ یعقوب خان اور جماعت اسلامی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات سید جماعت علی شاہ بھی موجود تھے۔مشتاق احمد خان نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت پاکستان کی اساس اور امت محمدیؐ کی ریڈ لائن ہے، اسے کسی قیمت پر پار کرنے نہیں دیں گے کسی نے بھی اس کے قریب پھٹکنے کی جرأ ت کی تو اسے نشان عبرت بنا دیں گے ،بیرونی ایجنڈے پر کام کرنے والے اور ان کے پالتو اپنی حد میں رہیں ،یہاں کے نام نہاد سیکولر اور لبرل قرآن اور صاحب قرآن کی لائی ہوئی وحی پر مبنی نظام کو چیلنج کرنے اور ایمان کے قلعے میں نقب لگانے کی بد نیتی سے باز رہیں بصو رت دیگر جماعت اسلامی ایسے ارادوں کو پاش پاش کرنا جانتی ہے ۔ جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ اور ان کی پوری پارلیمانی ٹیم نے پارلیمانی ترامیم پیش کر کے 1974ء کے بعد ہو نے والے دوسرے حملے اور پارلیمانی حملہ آوروں کا وار ناکام بنایا ہے۔صاحبزادہ طارق اللہ نے کہاکہ قائداعظم یونیورسٹی کا سائنس بلاک ڈاکٹرعبدالسلام بلاک رکھاگیاہے جس کے خلاف قومی اسمبلی میں قراردادپیش کی جائے گی اور مسلم لیگ ن کے کیپٹن(ر) صفدرنے قومی اسمبلی میں تقریرکرتے وقت جماعت اسلامی کے رہنماؤں سے وعدہ کیاہے کہ وہ قراردادپیش کریں گے تو اس کی حمایت کی جائے گی۔