ای لائبریری جدید دور میں اسپورٹس کی اہم ضرورت ہے، محمد عامر جان

127

لاہور(جسارت نیوز )ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کہا ہے کہ ای لائبریری جدید دور میں اسپورٹس کی اہم ضرورت ہے، پنجاب میں پہلی بار ای لائبریریز کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے تاکہ ہمارے کھلاڑی اسپورٹس میں ہونیوالی عالمی تبدیلیوں سے آگاہ رہیں، پنجاب کے کئی اضلاع میں ای لائبریریز تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز اسپورٹس بورڈ پنجاب میں ای لائبریریز کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کیا، اجلاس میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالو جی بورڈ پنجاب کے ساجد لطیف، ڈپٹی سیکرٹری تہمینہ حبیب،پراجیکٹ ڈائریکٹر پی ایم یو اکرم صوبن، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ ناصر ملک اور دیگر بھی موجود تھے۔
،ڈی جی سپورٹس نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کو دنیا میں سپورٹس کے شعبہ میں ہونیوالی تحقیق اور تبدیلیوں سے آگاہ رہنا چاہئے، اس لئے پنجاب حکومت نے ای لائبریریز کا منصوبہ شروع کیا ہے ، ای لائبریریز میں جدید سہولتیں فراہم کررہے ہیں ، انہوں نے بتایا کہ کئی اضلاع میں ای لائبریریز کی عمارتیں مکمل ہوچکی ہیں جبکہ ان کی تزئین و آرائش اور سہولتیں فراہم کرنے کیلئے کام تیزی سے جاری ہے،انہوں نے ای لائبریریز کے پراجیکٹ ڈائریکٹر کو ہدایت کی ای لائربریریز کا کام جلداز جلد مکمل کیا جائے اس میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی تاکہ کھلاڑی جدید علوم اور سپورٹس میں ہونیوالی تبدیلیوں سے روشناس ہوسکیں، اجلاس میں ای لائبریریز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔